جکارتہ، // انڈونیشیا کے مغربی صوبے سماترا میں گزشتہ روز اگم یجنسی میں اچانک آئے سیلاب کی وجہ سے 15 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔
نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ ایجنسی بی این پی بی کے ترجمان عبدالمہری نے آج بتایا کہ "گیارہ لاشیں کینڈوانگ ضلع میں اور چار دیگر سانگئی پوا ضلع میں ملی ہیں۔” انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کا اسپتال میں علاج جاری ہے۔ شدید بارش کے بعد سیلاب نے کینڈوانگ، سنگائی پوا اور آئیوی کوٹو اضلاع کو متاثر کیا۔
کینڈوانگ ضلع میں 90 عمارتیں زیر آب آگئیں جن میں رہائش گاہیں، عوامی سہولیات اور دکانیں شامل ہیں۔ دریں اثنا، آئیوی کوٹو ضلع میں 60 افراد بے گھر ہو گئے ہیں، جب کہ 20 دکانیں اور ایک اسکول کی عمارت زیر آب آ گئی ہے۔