انٹرنیشنل فٹ بال فیڈریشن (فیفا) نے اس سانحے کی رپورٹ بھیجنے کی ہدایت دی
یواین آئی
جکارتہ؍؍انڈونیشیا کے مشرقی جاوا صوبے میں فٹ بال میچ کے دوران بھگدڑ مچنے سے کم از کم 174 افراد ہلاک ہو گئے ہیں انڈونیشیا کے مشرقی جاوا کے لیفٹیننٹ گورنر ایمل دردک نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔ انہوں نے کومپاس ٹی وی براڈکاسٹر کو بتایا کہ ہفتہ کو ملنگ کے کنجوروہان اسٹیڈیم میں عہدیداروں نے ہارنے والے فریق کے حامیوں پر آنسو گیس چلائی اس کے نتیجے میں ہجوم میں بھگدڑ مچ گئی اور کل 174 افراد ہلاک ہوگئے۔ 100 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 11 کی حالت تشویشناک ہے۔اسٹیڈیم کے اندر ہی 30 سے زائد اموات ہوئیں، جہاں لوگوں کو نہ صرف بھگدڑ کے دوران دم گھٹنے کا سامنا کرنا پڑا بلکہ آنسو گیس کے استعمال سے بھی متاثر ہونا پڑا۔انڈونیشین فٹ بال ایسوسی ایشن (پی ایس ایس آئی) کے جنرل سیکرٹری یونس نوسی نے کہا کہ انٹرنیشنل فٹ بال فیڈریشن (فیفا) نے اس سانحے کی رپورٹ بھیجنے کی ہدایت دی ہے۔انڈونیشیا کے صدر جوکو ویڈوڈو نے افسوسناک حادثے پر اپنے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے پولیس اور پی ایس ایس آئی کو مکمل تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ انڈونیشین فٹ بال لیگ کے کھیل اگلے اطلاع تک ملتوی کردیئے گئے ہیں۔