آئی ای ڈی کو ناکارہ بنا دیا گیا ،سیکورٹی فورسز کو مستعد رہنے کے احکامات صادر
یواین آئی
سری نگر؍؍انتخابی تیاریوں کے بیچ سیکورٹی فورسز نے اتوار کے روز جنوبی ضلع اننت ناگ میں آئی ای ڈی برآمد کی جس کو بعد ازاں ناکارہ بنا دیا گیا۔سری نگر نیشن دفاعی ترجمان نے ایکس پر جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ فوج اور پولیس نے ایک مشترکہ آپریشن کے دوران جنوبی ضلع اننت ناگ کے چیک پانچارہ علاقے میں آئی ای ڈی کو برآمد کیا۔
انہوں نے بتایا کہ آئی ای ڈی کی برآمد گی کے بعد بم ناکارہ بنانے والی ایک ٹیم کو جائے موقع پر طلب کیا گیا جس نے اس بارودی شئے کو بغیر کوئی نقصان پہنچائے ناکارہ بنا دیا۔موصوف ترجمان کے مطابق فوج نے دہشت گردوں کے ایک بڑے منصوبے کو ناکام بنا دیاہے۔
معلوم ہوا ہے کہ جنوبی کشمیر میں آئی ای ڈی برآمدگی کے بعد سیکورٹی فورسز کو مستعد رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ لو ک سبھا انتخابات کے پیش نظر کشمیر کے سبھی اضلاع میں فوج کی چوکسی بڑھائی گئی ہے جبکہ خصوصی ناکہ چیکنگ کے دوران گاڑیوں اور مسافروں کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہیں۔
دریں اثنا پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔بتادیں کہ گزشتہ دنوں ہی دہشت گردوں نے اننت ناگ کے جبلی پورہ بجبہاڑہ علاقے میں غیر مقامی شہری پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں اس کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی۔