عمران خان
راجوری //جموں و کشمیر وقف بورڈ کے چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے شاہدرہ شریف زیارت کمپلیکس میں دو نئے تعمیر شدہ گیسٹ ہاؤسز کا افتتاح کیا، ایک حضرت فاطمہ الزہرا (ع) کے نام سے اور دوسرے بابا غلام شاہ بادشاہ ؒکے نام سے ہیں۔وہیں راجوری میں نئے تعمیر شدہ ہاسٹل اور ڈائننگ ہال کو بھی لوگوں کے لیے وقف کیا گیا۔ اس موقع پر وقف بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ظہیر احمد کیفی، ایگزیکٹیو آفیسر ضلع راجوری عبدالقیوم میر، مولانا فاروق احمد اور علاقے کے دیگر معززین موجود تھے۔
جبکہ مزار پر ضرورت اور طلب کو دیکھتے ہوئے یہ سہولیات سامنے آئیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر اندرابی نے کہا،کچھ ماہ قبل ان کاموں کے لیے سنگ بنیاد رکھا گیا تھا اور میں نے ذاتی طور پر اس بات کو یقینی بنایا کہ یہ تعمیرات مقررہ ہدف کے اندر مکمل ہوں۔ وہیںمیں ان کاموں کو ریکارڈ وقت میں مکمل کرنے پر بورڈ حکام کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔ اس موقع پر ڈاکٹر اندرابی نے کہا کہ جموں و کشمیر کے دیگر حصوں کی طرح وقف بورڈ نے مقامی آبادی کی مدد اور تعاون سے تمام صوفی مزارات پر عقیدت مندوں کے لیے سہولیات کو اپ گریڈ کیا ہے۔ وہیںوقف بورڈ نے آنے والے دنوں میں پورے جموں و کشمیر میں مزید اہم بنیادی ڈھانچے کی سہولیات کی تعمیر کے منصوبوں پر کئی اہم فیصلے لیے ہیں۔ درخشاں نے کہا کہ ہم عوام کی امنگوں اور توقعات کے مطابق اس اہم ادارے کی ذمہ داریوں کو نبھانے کے لیے ایک وقف ٹیم کے طور پر 24×7 انتھک کام کرتے ہیں۔