کہا دونوںممالک کو باہمی طور پر بات چیت کرنے کی ضرروت
افتخار حسین شاہ
سرنکوٹ //انجمن روداد البشر نے بالا کوٹ میں مارے گئے افراد کو تعزیت پیش کی اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بندوق کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے اور کہا کہ دونوں ممالک کو باہمی طور پر بات چیت کے ذریعے مسئلے کا حل ڈھونڈنے کی ضرورت ہے۔واضح رہے کہ پاک افواج کی جانب سے کی گئی گولہ باری کی وجہ سے چند روز قبل بالا کوٹ سیکٹر میں ایک ہی گھرانے کے پانچ افراد ہلاک ہوگئے تھے جسکی وجہ سے بالاکوٹ میں صف ماتم بچھ گیا۔انجمن کے ممبران نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بیانات میں کہا کہ جب بھی دونوں ممالک کے آپسی تعلقات خراب ہوئے ہیں تب سرحدوں کے قریب عام شہریوں کی ہلاکت واقع ہوئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بندوق اور گولی کسی مسئلے کا حل نہیں ہے اور دونوں ممالک کو بات چیت کر کے مسئلے کا حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔انہوم نے عالمی سطح پر انسانی حقوق کی پامالی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر جنگ جیسا ماحول بنا ہوا ہے اور انسانی جانوں کی کوئی قدروقیمت نہیں ہے انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ انسانی حقوق کی پاسداری کی جائے اور معصوم شہریوں کی ہلاکت کو بند کیا جائے۔انہوں نے ریاستی حکومت اور مرکزی حکومت کو بھی اپیل کی ہے کہ پاکستان کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے مسائل کو حل کیا جائے تاکہ معصوم شہریوں کی ہلاکتوں پر روک تھام ہو۔انہوں نے مارے گئے افراد کے حق میں دعائے مغفرت بھی کی اور لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ وہ س مشکل کی گھڑی میں ان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔