لازوال ڈیسک
سانبہ؍؍اپنی پارٹی صوبائی صدر جموں اور سابقہ وزیر سردار منجیت سنگھ نے ضلع سانبہ کے کنڈی گاوں میں لوگوں کو بنیادی سہولیات بہم پہنچانے میں انتظامیہ کے بے حس رویہ کی مذمت کی ہے۔ وہ ضلع کے پرمنڈل بلاک کے تحت آنے والے نگروٹہ گاو ¿ں میں منعقدہ میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے جس میں لوگوں نے اْنہیں درپیش مسائل خاص کر پینے کے صاف پانی کی نامناسب سپلائی اور غیر اعلانیہ بجلی کٹوتی بارے بتایا۔اس میٹنگ میں پارٹی ضلع صدر سانبہ رمن تھاپا، ضلع یوتھ صدر سانبہ منگت رام وغیرہ بھی موجود تھے۔ منجیت سنگھ نے کہاکہ سول انتظامیہ نے جموں وکشمیر کے ہرگھر میں پینے کے صاف پانی کی سپلائی کو یقینی بنانے کے لئے مرکزی سرکار سے کروڑوں روپے حاصل کئے ہیں لیکن یہ حیران کن امر ہے کہ انتظامیہ لوگوں کو نل کے ذریعے پانی سپلائی یقینی بنانے میں ناکام رہی ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ کنڈی خطہ میں وسیع آبادی پانی سپلائی اسکیموں کی عمل آری اور ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے متاثر ہے۔ شدت کی گرمی میں غیر اعلانیہ بجلی کٹوتی سے عام زندگی کے ساتھ ساتھ پینے کے صاف پانی کی سپلائی بھی متاثر ہے۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ کنڈی علاقہ میں زمینی سطح پر واٹر سپلائی اسکیموں کو عملایا جانا چاہئے۔ انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ جانبدارانہ رویہ اختیار نہ کرے۔ اس موقع پر انہوں نے رابطہ سڑک اور دیگر ترقیاتی مسائل کو بھی اْجاگر کیا اور حکومت پرزور دیاکہ وہ اس علاقہ میں اِن مسائل کو حل کرنے پر توجہ مرکوز کرے۔