لازوال ویب ڈیسک
سری نگر،// نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان
کی دارلحکومت اسلام آباد میں اگلے ہفتے منعقد ہونے والے شنگھائی تعان تنظیم اجلاس کے دوران ہندوستان اور پاکستان دوطرفہ مسائل پر بات چیت کریں گے
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوریاں ختم ہوں گی اور بہتر تعلقات کا دوبارہ آغاز ہوگا موصوف صدر یہاں ہفتے کے روز وزیر خارجہ ایس جئے شنکر کے اگلے ہفتے منعقد ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں شرکت کرنے کے لئے دورہ پاکستان کے متعلق پوچھے جانے والے سوالوں کا جواب دے رہے تھے۔
انہوں نے کہا: ’مجھے امید ہے کہ دونوں ممالک تمام مسائل پر بات چیت کریں گے اقتصادی مسائل ہم دونوں بلکہ تمام دنیا کے لئے انتہائی اہمیت کے حامل مسائل ہیں‘۔
ان کا کہنا تھا: ’میں پُر امید ہوں کہ دونوں دو طرفہ مسائل پر بھی بات چیت کریں گے‘۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا: ’مجھے یہ بھی امید ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ ماحول میں بات چیت ہوگی میری نیک خواہشات سب کے ساتھ ہیں‘۔
یہ پوچھے جانے پر کہ کیا اس اجلاس سے مسائل حل ہوں گے، انہوں نے کہا: ’یہ کوئی نہیں جانتا ہے کہ وہاں کیا ہوگا‘۔
انہوں نے کہا: ’تاہم ہر کوئی یہ امید کرتا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تلخیاں دور ہوں گی اور آگے بہتر تعلقات کا دوبارہ آغاز ہوگا’۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا: ’ہم بی جے پی کے ساتھ نہیں جائیں گے کیونکہ یہاں اس جماعت کے خلاف لوگوں نے ووٹ ڈالے‘۔