یو این آئی
واشنگٹن// امریکی صدر جو بائیڈن نے جلد ہی یوکرین کو 62کروڑ 25 لاکھ ڈالر مالیت کے ہتھیاروں اور فوجی سازوسامان کا نیا پیکج مہیا کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ترکی میڈیا کے مطابق صدرجوبائیڈن نے گزشتہ روز یوکرینی ہم منصب ولودیمیرزیلنسکی کے ساتھ ایک ٹیلی فون بات چیت میں اس پیکج کی اطلاع دی ہے اوریوکرین کی حمایت جاری رکھنے کا وعدہ کیا ہے۔ بائیڈن نے کہا کہ یوکرین کو جب تک امریکی امدادکی ضرورت ہے، یہ جاری رہے گی۔انھوں نے زیلنسکی کو مطلع کیا کہ یوکرین کو اضافی ہتھیاروں اور سازوسامان، بشمول ہیمارس، آرٹلری سسٹم،گولہ بارود اوربکتربند گاڑیاں دینے کا اعلان آج کیا جارہا ہے۔ دریں اثناء امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلینکن نے کہا ہے کہ یہ ہتھیار اگست 2021 سے یوکرین کے لیے امریکہ سے ہتھیاروں کی بائیسویں کھیپ کے تحت مہیا کیے جائیں گے۔ بلینکن نے کہا کہ اسلحہ کی اس تازہ ترین ترسیل سے جنوری 2021 سے اب تک یوکرین کوامریکہ کی جانب سے مہیا کی جانے والی مجموعی فوجی امداد 17.5 ارب ڈالر سے زیادہ مالیت کی ہوجائے گی۔ وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر بائیڈن نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ روس کے ساتھ یوکرینی علاقوں کے مبیّنہ الحاق کی حمایت کرنے والے کسی بھی فرد، ادارے یا ملک پر سخت پابندیاں عایدکرنے کے لیے امریکہ کی مسلسل تیاری جاری ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے صدر ولادی میر پوتین نے روس کے حامی یوکرین کے چارعلاقوں میں نام نہاد ریفرنڈم کے انعقاد کے بعد یک طرفہ طور پرریاست میں ضم کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔