سری نگر، 8 اگست (یو این آئی) چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار کی قیادت میں الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ایک اعلیٰ سطحی ٹیم اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے جمعرات کی صبح سری نگر پہنچی۔
ذرائع نے بتایا کہ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار اور دو الیکشن کمشنروں پر مشتمل ایک ٹیم جمعرات کی صبح سری نگر ہوائی اڈے پہنچی۔انہوں نے کہا کہ یہ ٹیم ہوائی اڈے سے سیدھے شیر کشمیرانٹرنیشنل کانفرنس سینٹر (ایس کے آئی سی سی) روانہ ہوئی جہاں وہ مختلف سٹیک ہولڈرس کے ساتھ بات چیت کرے گی۔
دریں اثنا نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی، بی جے پی سمیت کئی سیاسی جماعتوں کے نمائندے بھی ایس کے آئی سی سی پہنچے ہیں۔نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی نے میڈیا کو بتایا کہ صرف نیشنل کانفرنس نہیں بلکہ جموں و کشمیر کے سارے لوگ الیکشن چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا: ‘ہم اپنے لئے نہیں بلکہ لوگوں کے لئے الیکشن کرانے کا مطالبہ کرتے ہیں یہاں سال 2018 سے کوئی عوامی حکومت نہیں ہے’۔