یواین آئی
جموں؍؍ بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی صدر امت شاہ ہفتہ کو دو روزہ دورے پر جموں وکشمیر کے سرمائی دارالحکومت جموں پہنچیں گے۔ بی جے پی نے پارٹی صدر کے دورے کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔ مسٹر امت شاہ کی آمد سے قبل مندروں کا شہر کہلائے جانے والے جموں کی بیشتر سڑکوں اور بازاروں کو بی جے پی کے زعفرانی رنگ کے جھنڈوں اور بینروں سے سجایا گیا ہے اور یوں شہر کے ایک بڑے حصے نے زعفرانی رنگ اوڑھ لیا ہے۔ امیت شاہ ہفتہ کو جموں میں جن سنگھ کے بانی شیاما پرساد مکھرجی کی 65 ویں برسی کے سلسلے میں منعقد کی جانے والی جن سبھا سے خطاب کریں گے۔ یہ پی ڈی پی بی جے پی اتحاد کے خاتمے کے بعد بھاجپا کے کسی قومی سطح کے لیڈر کا پہلا دورہ جموں ہوگا۔ شیاما پرساد مکھرجی جموں وکشمیر کا بھارت کے ساتھ مکمل انضمام کا مطالبہ کررہے تھے اور 23 جون 1953 ء کو دوران حراست فوت ہوگئے تھے۔ سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ بی جے پی صدر کے دورے جموں کے پیش نظر اس سرمائی دارالحکومت میں سیکورٹی کے پختہ بندوبست کئے گئے ہیں۔ بی جے پی کے ایک لیڈر نے یو این آئی کو بتایا ’پارٹی صدر کے جموں دورے کے حوالے سے تمام انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ہے‘۔ انہوں نے بتایا کہ مسٹر شاہ جن سنگھ کے بانی شیاما پرساد مکھرجی کی برسی کے سلسلے میں منعقد کی جانے والی جن سبھا سے خطاب کرنے کے علاوہ پارٹی سے وابستہ ممبران اسمبلی اور عہدیداروں سے ملاقات کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پارٹی سے وابستہ افراد کے علاوہ ریاست کے بعض ممتاز شہری بھی بی جے پی صدر سے ملاقات کریں گے۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ مسٹر شاہ پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کے ساتھ ملاقات کے دوران انہیں 2019 کے عام انتخابات کی تیاریاں شروع کرنے کے لئے کہیں گے۔ بی جے پی جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینا نے 20 جون کو یہاں ترکوٹہ نگر میں واقع پارٹی دفتر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی جموں وکشمیر میں شیاما پرساد مکھرجی کے مشن کو آگے بڑھائے گی۔ اُن کا کہنا تھا ’شیاما پرساد مکھرجی نے جموں وکشمیر کے بھارت میں مکمل انضمام کے لئے مہم چلائی تھی۔ وہ 23 جون کو سری نگر میں ملک کے مفاد کی خاطر جاں بحق ہوئے تھے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ہر سال 23 جون کو پروگراموں کا انعقاد کرتی ہے۔ بی جے پی نے اس سال 23 جون کو جموں میں ایک بڑا پروگرام کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ اس میں پارٹی کے قومی صدر امیت شاہ شرکت کریں گے۔ اس پروگرام کا مقصد یہ ہے کہ شاما پرساد مکھرجی کے مشن کو آگے بڑھانا اور جموں وکشمیر میں قومیت کو فروغ دینا ہے‘۔