کنگسٹاؤن، //رحمان اللہ گرباز (60) اور ابراہیم زدران (51) کی شاندار بلے بازی کے بعد گلبدین نائب (چار وکٹ) اور نوین الحق (تین وکٹ) کی شاندار گیند بازی کی بدولت افغانستان نے ٹی 20 ورلڈ کپ کا سپر کپکے سپر 8 مقابلے میں بڑاالٹ پھیر کرتے ہوئے آسٹریلیا کے خلاف 21 رنز سے تاریخی جیت درج کی ہے یہ جیت اس لئے تاریخی ہے کیونکہ افغانستان نے کرکٹ کے کسی فارمیٹ میں پہلی بار آسٹریلیا کو شکست دی ہے اور وہ بھی ورلڈ کپ جیسے بڑے ٹورنامنٹ میں۔ اس جیت کے ساتھ ہی افغانستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ اگر افغانستان بنگلہ دیش کوہرادیتا ہے اور ہندوستان آسٹریلیا کو شکست دے دیتا ہے تو افغانستان سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا۔
آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کرنے اتری افغانستان کی رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زدران کی سلامی جوڑی نے پہلے وکٹ کے لئے آسٹریلیا کے خلاف ریکارڈ 118 رنز کی شراکت کرتے ہوئے شاندار آغاز کیا۔ 16ویں اوور میں مارکس اسٹوئنس نے رحمن اللہ گرباز کو آؤٹ کرکے اس شراکت کو توڑا۔ رحمان اللہ گرباز نے 49 گیندوں پر چار چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 60 رنز کی اننگ کھیلی۔ اس کے بعد 17ویں اوور میں ایڈم زمپا نے عظمت اللہ عمرزئی (2) کو آؤٹ کر کے دوسری اوراسی اوور کی آخری گیند پر ابراہیم زدران کو آؤٹ کر کے آسٹریلیا کو تیسری کامیابی دلائی۔ ابراہیم زدران نے 48 گیندوں پر چھ چوکے لگا کر 51 رنز کی اننگ کھیلی۔ کریم جنت (13)، کپتان راشد خان (2) اور گلبدین نائب (0) پرآؤٹ ہوئے۔ محمد نبی (10) اور ننگیالیا کھروٹے (1) رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ افغانستان نے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں پر 148 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ ایڈم زمپا کو دو وکٹ ملے۔ مارکس اسٹونیس نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
149 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی شروعات انتہائی خراب رہی۔ نونی الحق نے پہلے ہی اوور میں ٹریوس ہیڈ (0) کو بولڈ کرکے آسٹریلیا کو پہلا جھٹکا دیا۔ اس کے بعد محمد نبی نے تیسرے اوور میں ڈیوڈ وارنر (3) کو بولڈ کرکے پویلین بھیج دیا۔ چھٹے اوور میں کپتان مچل مارش (12) بھی نوین الحق کا شکار بن گئے ایسے وقت جب آسٹریلیا 32 رنز پر تین وکٹیں گنوا چکا تھا۔ گلین میکسویل نے مارکس اسٹوئنس کے ساتھ 39 رنز کی شراکت بنا کر ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ نائب نےاسٹوئنس (11) کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ اس کے بعد میچ کا پانسہ پلٹ گیا۔ ٹم ڈیوڈ (2) کو نائب نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ گلبدین نائب نے 15ویں اوور میں میکسویل کو آؤٹ کر کے آسٹریلیا کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ میکسویل نے 41 گیندوں پر چھ چوکے اور تین چھکے لگاتے ہوئے (59) رنوں کی اننگ کھیلی۔ اس کے بعد افغانستان کے گیند بازوں نے میتھیو ویڈ (5)، پیٹ کمنز (3)، ایشٹن اگر (2)، ایڈم زمپا (9) کو ڈھیر کرتے ہوئے آسٹریلیا کی اننگ 19.2 اوورز میں 127 رنز پر سمیٹ کر میچ 21 رنز سے جیت لیا۔
افغانستان کی اس جیت نے سپر ایٹ گروپ ون میں سیمی فائنل تک رسائی کی جنگ کو دلچسپ بنا دیا ہے۔ آسٹریلیا کو اپنا آخری سپر ایٹ میچ ہندوستان کے ساتھ اور افغانستان کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلنا ہے۔ دونوں ہی ٹیموں کو جیتنا ہو گا۔ اگر دونوں ہار جاتے ہیں تو سیمی فائنل میں پہنچنے کا فیصلہ نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
نوین الحق اور گلبدین نائب نے اس جیت کے ہیرو رہے۔ گلبدین نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ نوین الحق نے تین بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ عظمت اللہ عمرزئی، محمد نبی اور راشد خان نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔