سب کا ساتھ، سب کا وکاس کے وژن نے جموں و کشمیر کو بدل دیا ہے:اشوک کول
نوجوان اب پرامن جموں و کشمیر میں بڑے خواب دیکھ رہے ہیں :ڈاکٹر درخشاں اندرابی
لازوال ڈیسک
سرینگربھارتیہ جنتا پارٹی نے آج داور گریز میں پارٹی کنونشن کا انعقاد کیا جس کی صدارت جموں و کشمیر بی جے پی کے جنرل سکریٹری (تنظیم) اشوک کول نے کی جبکہ بی جے پی کی قومی ایگزیکٹو ممبر اور جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر سید درخشاں اندرابی نے بھی کنونشن میں شرکت کی۔ اس موقع پرسابق رکن اسمبلی فقیر محمد خان اور ڈی ڈی سی کے نمائندے اعجاز خان نے بھی شرکت کی۔وہیں کنونشن میں پارٹی کے تمام مورچوں کے کارکنان نے شرکت کی۔اس دوران اشوک کول نے اجتماع سےتبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے سب کا ساتھ، سب کا وکاس کے وژن نے ہندوستان کے ہر حصے بالخصوص جموں و کشمیر کو بدل دیا ہے۔ بی جے پی کے جنرل سکریٹری نے کہاکہ جموں و کشمیر کئی دہائیوں کے خونریزی کے بعد امن اور ترقی کے ایک نئے دور میں داخل ہو گیا ہے اور بی جے پی کا وکاس ایجنڈا یوٹی کے تمام حصوں میں نظر آتا ہے۔
اس موقع پرڈاکٹر درخشاں اندرابی نے کہا کہ مودی جی کے بی جے پی دور حکومت میں جموں و کشمیر کے دور افتادہ علاقوں جیسے گریز کو انفراسٹرکچر کو فروغ ملا ہے اور حکومتی نظام کو جوابدہ بنایا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ 370 کی منسوخی کے بعد، جموں و کشمیر کی قبائلی آبادی کو متعدد مرکزی اسکیموں اور قوانین سے فائدہ ہوا کیونکہ انہیں جموں و کشمیر میں سابقہ حکومتوں نے لاگو نہیں کیا تھا۔انہوں نے کہاکہ قبائلی آبادی کے لیے، جموں و کشمیر کی مرکزی دھارے میں آنے سے بااختیاریت اور ترجیحی ترقی کے دور کا آغاز ہوا۔ اندرابی نے کہاکہ ہمارے نوجوان اب پرامن جموں و کشمیر میں بڑے خواب دیکھ رہے ہیں اور اپنی غیر معمولی شراکت سے ہمیں قومی اور بین الاقوامی سطح پر فخر کر رہے ہیں۔ اشوک کول نے پارٹی کیڈر سے کہا کہ وہ اسمبلی انتخابات کے لیے تیار رہیں اور بی جے پی حکومت کے تحت ترقی کی کہانیوں کے ساتھ عام لوگوں تک پہنچیں۔