یروشلم، // اسرائیلی فورسز نے شام میں دمشق اور حلب کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر حملے کئے جس سے دونوں کا فضائی آپریشن بند ہو گیا۔
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ثنا نے ملک کی فوج کے حوالے سے اتوار کو یہ اطلاع دی۔ اطلاعات کے مطابق حملے کے نتیجے میں ایک شہری ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا۔
ایک فوجی ذریعے نے خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ اتوار کی صبح تقریباً 5-25 بجے اسرائیلی دشمن نے بیک وقت بحیرہ روم کی سمت سے لطاقیہ کے مغرب اور مقبوضہ شامی گولان کی سمت سے میزائلوں کی لہریں فائر کیں، جس سے دمشق اور حلب بین الاقوامی ہوائی اڈے کو نشانہ بناتے ہوئے جارحانہ فضائی کارروائی کی۔ "ہوائی اڈے پر حملے کے نتیجے میں دمشق کے ہوائی اڈے پر ایک شہری ملازم کی موت اور دوسرا ملازم زخمی ہو گیا۔”
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ حملوں سے رن وے کو نقصان پہنچا ہے۔ اس لیے ہوائی اڈوں کا معمول کا آپریشن اب ممکن نہیں رہا۔
شام کی وزارت ٹرانسپورٹ نے کہا کہ حملوں کے بعد تمام طے شدہ پروازوں کا رخ لطاقیہ بین الاقوامی ہوائی اڈے کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔