غزہ، // اسرائیل کی دفاعی افواج (آئی ڈی ایف) نے منگل کے روز رفح شہر کے قریب المواسی کے کیمپ کو نشانہ بنانے والے بم دھماکے میں ملوث ہونے سے انکار کیا، جس میں کم از کم 21 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔
آئی ڈی ایف نے ایک بیان میں کہا، "گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران موصول ہونے والی اطلاعات کے برعکس، IDF نے المواسی میں انسانی زون پر حملہ نہیں کیا۔”
اسرائیلی فوج نے یہ بھی کہا کہ "ہتھیاروں کے خفیہ ذخیرے” ہلاکت خیز دھماکے کی اصل وجہ ہو سکتے ہیں۔
قبل ازیں ژنہوا نے رفح میں سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا تھا کہ اسرائیلی توپ خانہ سے المواسی کے علاقے میں بے گھر ہونے والے لوگوں کے خیموں پر بمباری کی گئی، جوانسانی علاقہ ہے جہاں غزہ کے بے گھر افراد IDF کے احکامات کی بنیاد پر پناہ لیتے ہیں۔ ژنہوا نے مقامی طبی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ بمباری میں خواتین اور بچوں سمیت کم از کم 21 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
غزہ میں صحت کے حکام نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بمباری میں کم از کم 64 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 10 کی حالت تشویشناک ہے۔
یہ حملہ شمال مغربی رفح میں بے گھر شہریوں کے خیموں پر اسرائیلی فضائی حملوں کے ایک روز بعد ہوا ہے، جس کے نتیجے میں کم از کم 45 فلسطینی جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔
اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے اسرائیلی قانون سازوں سے خطاب کرتے ہوئے پیر کے روز کیے گئے فضائی حملے کو "بدقسمتی” قرار دیا اور اس سانحہ کی تحقیقات کا وعدہ کیا۔