فرزانہ فرح (بھٹکل)
+91 98865 71233
قوموں کی ترقی کے یہ امیں
ہے پار فلک کے جن کی نظر
تابندہ قمر اور نورِ سحر
استاد ہمارے وجہ ظفر
صحرا کے لیے یہ دریا، ہیں
اور دھوپ میں بن جاتے ہیں شجر
تاریخ یہ بدلیں قوموں کی
قرنوں پہ رہا ہے ان کا اثر
تابندہ قمر اور نورِ سحر
استاد ہمارے وجہ ظفر
تفہیم کی راہیں کُھلتی ہیں
دبکا ہے کسی کونے میں حذر
بچوں سے محبت رکھتے ہیں
دل، موم صفت، شاہیں کی نظر
تابندہ قمر اور نورِ سحر
استاد ہمارے وجہ ظفر
تعلیم کی ڈھالیں رکھتے ہیں
اور جہل کے آگے سینہ سپر
سقراط و فلاطوں نے مل کر
دُنیا کو کیا ہے زیر و زبر
تابندہ قمر اور نورِ سحر
استاد ہمارے وجہ ظفر
وہ ذات مثالی جس میں ہوئی
تہذیب و تفکر شِیر و شکر
ہیں وصف فرشتوں والے سبھی
ظاہر میں نظر آتے ہیں بشر
تابندہ قمر اور نورِ سحر
استاد ہمارے وجہ ظفر
تدریس میں طالب علموں کی
دن، رات، جلائیں خون جگر
تب جا کے چھٹا ظلمت کا کُہر
ان سے ہی، تغیر کی ہو لہر
تابندہ قمر اور نورِ سحر
استاد ہمارے وجہ ظفر