محمد مسلم کبیر
سولاپور//آج کتب بینی اور مطالعے کا شوق کم ہوتا جا رہا ہے۔مطالعہ کی تہذیب کو برقرار رکھتے ہوئے اس کو ہر ممکن انداز میں فروغ دینے کے لیے یونیسیف،ایس سی ای آر ٹی پونے،ریجنل اکیڈمی اتھارٹی سمبھاجی نگر اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن ٹریننگ انسٹیٹیوٹ سولاپور کے زیر اہتمام ضلعی سطح کی”اردو ریڈنگ پروگرام”ورکشاپ حال ہی میں ایس وی سی ایس بی۔ایڈ کالج میں منعقد ہوا۔جس میں ماہر اساتذہ محمود نواز اور جاوید قاضی نے مختلف سرگرمیوں کے ذریعے اساتذہ کی رہنمائی کی۔ششی کانت راج کمار شندے، ایڈجنکٹ لیکچرر، ضلعی تعلیم اور تربیتی ادارہ، ضلع ویلاپور۔سولاپور نے ورکشاپ کا نظم اور رہنمائی کی۔
مذکورہ ورکشاپ میں اردو ناظر تعلیمات اطہر پرویز دفعدار موجود تھے، انہوں نے کہا کہ”ہر اسکول میں طلبا کے لیے مطالعہ کتب اور کتب خانہ کے لیے خصوصی منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔”مذکورہ ورکشاپ میں سولاپور ضلع پریشد، میونسپل کارپوریشن اور خانگی اسکولوں سے کل 30 اردو ماہر اساتذہ نے شرکت کی۔اب یہ30 ماہر اساتذہ تعلقہ، بیٹ اور مرکزی سطح پر سفیر مطالعہ کے طور پر کام کریں گے۔مذکورہ ورکشاپ میں میونسپل اردو سپروائزر نیلوفر سید موجود تھیں۔
ضلع کے اردو ریڈنگ ایمبیسڈر محمود نواز نے مذکورہ ریڈنگ پروگرام کے بارے میں بتایا کہ اس مطالعہ کے پروگرام کا بنیادی مقصد ریاست بھر میں اردو میڈیم میں پڑھنے والے طلباء میں پڑھنے کا ذوق پیدا کرنا ہے۔ کتابوں سے دوستی کو بڑھانا اور معاشرے میں پڑھنے کے رواج کو فروغ دینا اور لوگوں میں پڑھنے کے بارے میں شعور پیدا کرنا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ہم اس پروگرام کو اردو سفیر مطالعہ کے توسط سے ہر اردو اسکول کے ہر طالب علم تک پہنچانے جا رہے ہیں۔ہمارا مقصد بچوں کو موبائل کے بیجا استعمال سے اجتناب مگر مناسب وقت میں استعمال کرنے اور انہیں تعلیمی و تربیتی فائدہ مند ویب سائٹس پر جانے کی ترغیب دینا ہے تاکہ وہ اپنے موبائل میں ریلز اور دیگر مواد دیکھنے کے بجائے کہانیاں اور دیگر علمی مواد پڑھنے کا شوق پیدا کریں۔