731کیسوں کو موقع پر ہوا حل، بڑی تعدادمیں بنک قرضوں کی ادائیگی
ونے شرما
ادھمپور// ضلع لیگل سروس اتھارٹی کی جانب سے ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلکس ادھمپور میں قومی لوک عدالت کا انعقاد کیا گیا ۔ اس دوارن مختلف نوعیت کے کیسوں کا نپٹارا کیا گیا جن میںبنک کیس ، ٹریفک چلان ، سول ، کریمنل ، اور دیگر کیسوںکا موقع پر حل کیا گیا ۔ جبکہ یہ لوک عدالت پرنسپل ڈسٹرکٹ اور سیشن جج کے ۔ایس پریہار کی صدرت میں منعقد ہوئی ۔ جس میں ضلع کے لئے کل چھ بنچوں کا قیام عمل میں لایا گیا تھا ، جبکہ پہلے بنچ میں شامل پرنسپل اور ڈسٹرکٹ سیشن جج ادھمپور کے ایس پریہار اور محترمہ سندیپ کور سب جج ، جبکہ دوسرے بنچ میں شامل سی ایل باوریہ ایڈیشنل ضلع اور سیشن جج ادھمپور ، ان کے علاوہ بلبیر لال جسوال ، سی جے ایم ادھمپور تھے ۔ اسی طرح تیسرے بنچ میںشامل اجے کمار ضلع موبائل میجسٹریٹ ادھمپور ، جونید امتیاز میر ، منصف جے ایم آئی سی ادھمپور تھے ، جبکہ چوتھے بنچ میں شامل انجم آرا ، سب جج رام نگر اور ایڈوکیٹ آر کے جنڈیال ، بنچ پانچ میں شامل انجانہ راجپوت ، ایڈیشنل اسپیشل میجسٹریٹ منصف مجالٹااور بنچ چھے میں سومتی شرما منصف چنینی شامل تھی ۔ تاہم اس موقع مختلف نوعیت کے کُل 821 کیسوں کو لیا گیا جن میں 731 کیسوں کا موقع پر ہی نپٹارا کیا گیا ، جبکہ اس دوارن ایم اے سی ٹی کیسو ں میں54,55.000کی اضافی رقم کو جمع کیا گیا ۔ اسی طرح بنک کیسوں میں بھی بڑی تعداد میں رقومات کو جمع کیا گیا ۔ اس کے علاوہ 2,45,350کی رقم جو کہ جرمانہ کے طور پر مختلف کریمنل کمپونڈ کیسوں کے تحت جمع کی گئی ۔ واضح رہے اس موقع پر بنچوں کے ممبران کے علاوہ بار ممبران اور پی او وغیرہ نے بھی لوک عدالت میں شرکت کی ۔