شعراء نے اپنے کلام سے سامعین کو خوب محظوظ کیا
تنہا ایاز
پلوامہ؍؍ ضلع پلوامہ کی معروف ادبی و ثقافتی تنظیم ڈسڑکٹ کلچرل سوسائٹی کی جانب سے ایک محفل مشاعرہ کا اہتمام کیا گیا جس میں تنظیم سے وابستہ شعراء نے بڑھ چڑھ کر شرکت کی اور اپنے کلام سے سامعین کو خوب محظوظ کیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈسڑکٹ کلچرل سوسائٹی پلوامہ کی جانب سے 28 جنوری بروز اتوار کو ادبی نشست اور ایک محفل مشاعرہ منعقد ہوا۔تقریب کی پہلی نشست میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں تنظیم سے متعلق مختلف امور زیر بحث آئے۔ تقریب کی دوسری نشست میں محفل مشاعرہ کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت نامور ادیب اور قلمکار عبدالرحمان فدا نے کی۔ تقریب کے آغاز میں ڈسڑکٹ کلچرل سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری غلام محمد دلشاد نے تمام شعراء کا گرم جوشی سے استقبال کیا۔مشاعرے میں شاہ اعجاز، محترمہ تاج النسائ، شاکر فاروق، محمد اکبر دردباز ،جہانگیر ایاز ہالی ،عبدالرحمان فدا ،جی ایم دلشاد ،شمس سلیم شوپیانی، غلام محمد جنگلناری ،ملک ادریس اور عبدالرشید پنزگامی نے اپنے کلام پیش کیے اور سامعین کو اپنے تازہ کلام سے خوب محظوظ کیا۔ تقریب میں نظامت کے فرائض محمد اکبر دردباز نے انجام دئے۔ اپنے صدارتی خطبے میں نامور ادیب اور قلمکار عبدالرحمان فدا نے ڈسڑکٹ کلچرل سوسائٹی کے ادبی پروگراموں کو کافی سراہا۔انہوں نے کشمیری زبان اور ادب کے تحفظ اور فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔