اجتماعی کوششیں تھیلیسیمیا سے پاک ہندوستان کی قرارداد کو پورا کریں گی: لوک سبھا اسپیکر

0
0

یواین آئی

نئی دہلی؍؍لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے آج دہلی کے سر گنگارام اسپتال میں منعقدہ عالمی تھیلیسیمیا ڈے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے اسپتال کے بانی سر گنگارام کو خراج عقیدت پیش کیا اور اسپتال کے کام کاج کی تعریف کی بین الاقوامی تھیلیسیمیا ڈے ( آئی ٹی ڈی ) 2023 کے تھیم ‘بی آویئر، شیئر، کیئر: اسٹرینتھنگ ایجوکیشن ٹو برج دی تھیلیسیمیا کیئر گیپ’ کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ یہ تھیم مستقبل کے لائحہ عمل سے آگاہ کرتا ہے اور اس سے متاثرہ لوگوں اور ان کی دیکھ بھال کرنے والے معالجین کو تھیلیسیمیا کے بارے میں تازہ ترین معلومات فراہم کرتا ہے۔تھیلیسیمیا سے متعلق بیداری پر زور دیتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ پارلیمنٹ سے لے کر پنچایت تک ہر سطح پر عوامی نمائندوں کو اجتماعی کوششوں کے ذریعے عوامی تحریک چلا کر تھیلیسیمیا کو روکنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کوششوں سے ہی تھیلیسیمیا سے پاک ہندوستان کی قرارداد کی تکمیل ہوگی۔ عام لوگوں میں بیداری کی کمی کے تناظر میں مسٹر برلا نے کہا کہ صحت کی بہتر خدمات، تعلیم اور اجتماعی کوششوں کے ذریعے تھیلیسیمیا کے بارے میں بیداری عوام تک پہنچا کر اس سنگین بیماری کو روکنے کی کوشش کی جانی چاہیے۔خون کے عطیہ کا تذکرہ کرتے ہوئے لوک سبھا کے اسپیکر نے کہا کہ تعلیم اور اجتماعی کوششوں کے ذریعے لوگوں نے خون کے عطیہ کی اہمیت کو سمجھا جس سے عام لوگوں کو فائدہ پہنچتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسی طرح اجتماعی قوت ارادی اور عوامی تحریک کی مدد سے تھیلیسیمیا کے چیلنج سے بھی نپٹا جا سکتا ہے۔تحقیق اور اختراع کا تذکرہ کرتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ سائنسی تحقیق سنگین بیماریوں کے علاج سے متعلق روزانہ نئی معلومات فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیماری کی اسکریننگ کے ذریعے بیماریوں کا بروقت پتہ چل جاتا ہے تو صحیح وقت پر علاج شروع کیا جا سکتا ہے۔ اسکریننگ پر زور دیتے ہوئے لوک سبھا کے اسپیکر نے کہا کہ عوامی نمائندوں، اسپتالوں اور عام لوگوں کو وقتاً فوقتاً مختلف مقامات پر اسکریننگ کیمپ لگا کر تھیلیسیمیا جیسی سنگین بیماری کی روک تھام اور علاج کے لیے کوششیں کرنی چاہئیں۔قبائلی امور کے وزیر ارجن منڈا بھی اس پروگرام میں موجود تھے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا