جموں وکشمیر نے آن لائن خدمات میں ملک میں دوسرا مقام حاصل کیا
لازوال ڈیسک
جموں؍؍چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے آج اِی ۔ اُنّت پورٹل پر 913 شہری مرکوز آن لائن خدمات کو آن بورڈنگ کا اعلان کیا۔ جموںوکشمیر نے شہریوں کو فراہم کی جانے والی آن لائن خدمات کی تعداد میں ریاستوں اور یوٹیز میں ملک میں دوسرا مقام حاصل کیا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ یہ جموںوکشمیر اِنتظامیہ کے عام آدمی کو خدمات کی آسانی ، سہولیت اور رَسائی فراہم کرنے کے عزم کے مطابق ایک اہم سنگ میل ہے ۔جموںوکشمیر نے 913 آ ن لائن خدمات سے کیرالہ کو پیچھے چھوڑ دیاہے جو آن لائن 911 خدمات فراہم کرتا ہے اور مدھیہ پردیش کے بعد ملک میں دوسرے نمبر پر ہے۔’’ ڈیجیٹل جے اینڈ کے پروگرام ‘‘ کے تحت جو گزشتہ برس مشن موڈ میں شروع کیا گیا تھا ۔آن لائن خدمات کی تعداد تیزی سے بڑھ کر 2021ء میں 35 خدمات سے 913 خدمات تک پہنچ گئی ہے۔چیف سیکرٹری نے مختلف محکموں کی آن لائن خدمات کی تعداد بڑھانے میں پیش رفت کے لئے آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ اور این آئی سی کی کوششوں کو سراہا۔ اُنہوں نے آن لائن موڈ میں ترقی کے لئے بالخصوص صحت ، تعلیم اور ’ نشا مُکت جموںوکشمیر ‘ کے شعبوں میں زیادہ شہری مرکوز خدمات کی نشاندہی کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ آبادی کے وسیع تر حصے تک پہنچ سکے۔اُنہوں نے شہریوں کے تاثرات کا صحیح اندازہ لگانے اور ان خدمات کے معیار کی مسلسل نگرانی کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ میٹنگ میں یہ ہدایت دی گئی کہ عوام کو ڈیجیٹل اَقدامات کے بارے میں آگاہ کرنے اور آن لائن خدمات کو زیادہ سے زیادہ اِستعمال کرنے کے لئے ایک آئی اِی سی مہم چلائی جائے۔جموںوکشمیر میں ٹیکنالوجی کے اِستعمال نے ڈیجیٹل گورننس کے ایک نئے دور کا آغاز کیا ہے جس میں سنگل یونیفائیڈ پورٹل سے ’موبائل دوست‘ ایپ پر خدمات کی چوبیس گھنٹے دستیابی ہے۔ خدمات کو شہریوں کے تاثرات کے لئے ریپڈ اسسمنٹ سسٹم (آر اے ایس) سے منسلک کیا گیا ہے اور 86 فیصد کی منظوری کی درجہ بندی سے اَب تک زائد اَز 52 لاکھ ایس ایم ایس بھیجے جا چکے ہیں۔آٹو اپیل سسٹم سے مزید 300 آن لائن خدمات کو منسلک کیا گیا ہے جس میں پی ایس جی اے کے تحت طے شدہ ٹائم لائنز کے اَندر سروس فراہم نہ کرنے کی صورت میں اپیلوں کو اپیل کرنے والے اَفسران تک پہنچایا جاتا ہے ۔اِن اَقدامات نے جموںوکشمیر یوٹی میں اِنتظامیہ کو لوگوں کی دہلیز پر لے جانے اورسرکاری محکموں کے کام کاج میں شفافیت اور جواب دہی کو یقینی بنایا ہے۔