شالہ ٹینگ کے سینئر کارکنان نے پارٹی قیادت کو حلقہ انتخاب کی زمینی صورتحال سے آگاہ کیا
لازوال ڈیسک
سرینگر؍؍ آنے والے پارلیمانی، اسمبلی اور بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں اپنی پارٹی کے سینئر لیڈران نے آج سرینگر کے شالہ ٹینگ حلقہ انتخاب کی زمینی صورتحال سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر بعض پارٹی امور پر بھی تبادلہ خیالات کیا گیا۔ میٹنگ کی صدارت پارٹی کے جنرل سیکرٹری رفیع احمد میر نے کی، جبکہ کئی دیگر سینئر پارٹی رہنما بھی اس موقعے پر موجود تھے۔موصولہ بیان کے مطابق سینئر کارکنان نے متعلقہ حلقہ انتخاب میں پارٹی کی جڑیں مزید مضبوط کرنے کیلئے قائدین کو اپنی آرا پیش کیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رفیع احمد میر نے کہا کہ پارٹی قیادت جموں و کشمیر میں تنظیم کے لیڈران اور کارکنان کی کارکردگی سے پوری طرح مطمئن ہے۔ تاہم، یہ اطمینان ہمیں مزید پیش قدمی سے غافل نہیں کرنا چاہیے۔ ہمیں یہ بات ذہن نشین کرنی چاہیے کہ عوام خود کو روایتی سیاسی جماعتوں کی استحصالی سیاست سے نجات دلانے کیلئے اپنی پارٹی کو ایک موثر متبادل کے بطور دیکھتے ہیں اور لوگوں کی ہماری جماعت سے کافی اْمیدیں وابستہ ہیں۔ ان عوامی توقعات پر پورا اْترنے کیلئے ہمیں پارٹی کو مزید مضبوط کرنا ہوگا تاکہ ہم اپنے عوام دوست ایجنڈے کو عملا سکیں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’چونکہ لوک سبھا، اسمبلی اور بلدیاتی انتخابات قریب آرہے ہیں، ہمیں اپنی عوامی رابطہ مہم میں مزید سْرعت لانی چاہیے تاکہ لوگوں کو اپنی پارٹی کے نظریے، ایجنڈے اور پالیسیوں کے بارے میں اچھی طرح سے آگاہ کیا جا سکے۔‘‘اس موقع پر رفیع احمد میر کے علاوہ پارٹی کے جو سرکردہ لیڈران موجود تھے، اْن میں صوبائی صدر کشمیر محمد اشرف میر، صوبائی سیکرٹری و چیئرمین ڈی ڈی سی سرینگر آفتاب ملک، ضلع صدر سرینگر نور محمد شیخ، سرینگر ضلع کے سینئر نائب صدر اور پارٹی انچارج حبہ کدل حلقہ انتخاب جیلانی حیمد کمار، ضلع یوتھ صدر اور حلقہ انتخاب خانیار کے انچارج محسن ظفر شاہ، صوبائی صدر یوتھ ونگ کشمیر خالد راٹھور، ڈسٹرکٹ آرگنائزر یوتھ ونگ عرفان ظفر، پارٹی صدر دفتر کے انچارج توصیف بشیر، اور دیگر لیڈران موجود تھے۔