آر ایس ایس کو ملک کے آئین میں یقین نہیں:سنجے سنگھ

0
0

کہامودی آئین کو بدلنے اور ووٹ کا حق چھیننے کے لیے 400 سیٹیں مانگ رہے ہیں
یواین آئی

نئی دہلی؍؍عام آدمی پارٹی (آپ) نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی) اور وزیر اعظم نریندر مودی بابا صاحب امبیڈکر کے لکھے ہوئے آئین اور لوگوں کو دیے گئے ووٹنگ کے حق کو چھیننے کے لیے 400 سیٹوں کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا کے رکن سنجے سنگھ نے آج کہا کہ سیاسی پارٹیوں کے لیڈروں اور ملک کے لوگوں کے ذہنوں میں یہ احساس مسلسل مضبوط ہو رہا ہے کہ 2024 کا الیکشن آخری الیکشن ہوگا۔ اب یہ خوف روز بروز مضبوط ہوتا جا رہا ہے کہ اگر بھولے سے بھی بی جے پی برسراقتدار آئی تو یہ لوگ آئین بدل دیں گے، الیکشن اور ریزرویشن ختم کر دیں گے، کسانوں، نوجوانوں اور خواتین کے حقوق چھین لیں گے۔ اس کی بہت سی مثالیں ہیں جو لوگوں میں آئین کو بدلنے کے تصور کو مزید تقویت دے رہی ہیں۔
مسٹر سنگھ نے کہا کہ بابا صاحب امبیڈکر نے ملک کے لوگوں کے لیے ہندوستان کا آئین لکھا ہے لیکن راشٹریہ سویم سیوک سنگھ ( آر ایس ایس ) کے سربراہ بی جے پی کے لیے آئین لکھتے ہیں۔ آر ایس ایس کو ملک کے آئین میں یقین نہیں ہے، اسی لیے وہ اسے بدلنا چاہتے ہیں۔
آپ کے لیڈر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی، بی جے پی کے ممبران پارلیمنٹ اور لیڈر 400 سیٹیں مانگتے پھر رہے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی انتخابی بانڈز اور نوٹ بندی کے گھوٹالے، سرمایہ داروں کے 15 لاکھ کروڑ روپے معاف کرنے جیسے مسائل پر بات نہیں کرتے ہیں۔ وہ 400 سیٹیں اس لیے مانگ رہے ہیں کیونکہ وہ ملک کے آئین کو بدلنا چاہتے ہیں۔
مسٹر سنگھ نے کہا کہ اجودھیا پارلیمانی حلقے سے بی جے پی کے ایم پی للو سنگھ ایک میٹنگ میں کھل کر کہتے ہیں کہ 400 سیٹوں کی ضرورت ہے کیونکہ ہمیں آئین بدلنا ہے۔ بی جے پی کی جیوتی مردھا اور سابق مرکزی وزیر اننت ہیگڑے کا بھی کہنا ہے کہ 400 سیٹیں دیں کیونکہ آئین کو بدلنا ہے۔ حال ہی میں میرٹھ سے بی جے پی کے امیدوار ارون گوول نے بھی کہا ہے کہ بی جے پی کو 400 سیٹوں کی ضرورت ہے کیونکہ ہمیں آئین بدلنا ہے۔
آپ کے لیڈر نے کہا کہ بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کے لکھے ہوئے ملک کے آئین کے ساتھ اگر کوئی چھیڑ چھاڑ کرے گا تو ہم اپنے جی جان سے لڑیں گے۔ ہم ریزرویشن کو ختم نہیں ہونے دیں گے اور نہ ہی کسانوں اور نوجوانوں کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ کرنے دیں گے۔ مودی حکومت نے 2019 سے 2024 کے دوران حکومت کے دوران آئین کو تبدیل کرنے کا ٹریلر دکھایا ہے۔ 2024 کے انتخابات جیتنے کے بعد آر ایس ایس اور ناگپور ملک میں آئین کو نافذ کریں گے۔ انہوں نے دلتوں، پسماندہ طبقات اور قبائلیوں کے ساتھ ساتھ ملک کے ہر شہری کو ہوشیار رہنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ جیت گئے تو آپ سے ووٹ کی طاقت چھین لیں گے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا