گلبرگہ: ْْ// (راست) ڈاکٹر انیس صدیقی معتمد انجمن کی اطلاع کے بموجب انجمن ترقی اردو ہند (شاخ) گلبرگہ کے زیر اہتمام جلسہ تقسیم انعامات بہ ضمن ادبی و تہذیبی مقابلہ جات برائے طلبا و طالبات کا انعقاد، آج، بہ روز اتوار،19/نومبر 2023،دس بجے صبح بہ مقام خواجہ بندہ نواز ایوان اردو،انجمن کامپلیکس،اسٹیشن روڈ،گلبرگہ عمل میں آئے گا۔واضح رہے کہ انجمن کے زیر اہتمام ہائی اسکول تا پوسٹ گریجویشن سطح پر طلبہ و طالبات کے لیے مختلف ادبی و تہذیبی مقابلہ جات 20/اگست 2023 تا 12/ستمبر 2023 کے درمیان منعقد ہوئے تھے۔جن میں 58 طلبہ و طالبات، انفرادی انعام اور 22 ٹیمیں، ٹیم پرائز کی مستحق قرار پائی تھیں۔
جلسہ تقسیم انعامات میں بہ حیثیت مہمانان خصوصی محترمہ کنیز فاطمہ صاحبہ،ایم ایل اے، کلبرگی (شمال)،شری الم پربھو پاٹل ایم ایل اے، کلبرگی (جنوب) شرکت کریں گے۔جب کہ اردو کے ممتاز و معروف شاعر ڈاکٹر سنیل پنوار آئی ایف ایس چیف کنزویٹر آف فارسٹس، کلبرگی، مہمان اعزازی کی حیثیت سے شریک رہیں گے۔ڈاکٹر پیر زادہ فہیم الدین صدر،انجمن صدارت کریں گے۔جناب میر شاہ نواز شاہین،جناب خواجہ پاشاہ انعام دار (نائبین صدر) ڈاکٹر محمد افتخار الدین اختر (معتمد تنظیمی) اور جناب محمد مجیب احمد (خازن) کے علاوہ تمام اراکین مجلس عاملہ انجمن نے اردو دوستوں سے بہ پابندی وقت شرکت کی درخواست کی ہے۔